40-بَابُ السَّمَرِ فِي الْفِقْهِ وَالْخَيْرِ بَعْدَ الْعِشَاءِ

عشاء کی نماز کے بعد فقہ اور خیر کی باتیں کرنا

اس باب میں یہ بیان کیا گیا ہے کہ عشاء کی نماز کے بعد فقہی مباحث اور نیکی کی باتیں کرنا پسندیدہ ہیں اور باب سابق میں یہ بیان کیا گیا تھا کہ عشاء کے بعد مباح باتیں کرنا ناپسندیدہ ہیں۔

600-حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ الصَّبَّاحِ، قَالَ: حَدَّثَنَا أَبُو عَلِيٍّ الْحَنَفِيُّ، حَدَّثَنَا قُرَّةُ بْنُ خَالِدٍ، قال انْتَظَرْنَا الْحَسَنَ وَرَاثَ عَلَيْنَا حَتَّى قَرُبْنَا مِنْ وَقْتِ قِيَامِهِ فَجَاءَ، فَقَالَ دَعَانَا جِيرَانُنَا هَؤُلَاءِ، ثُمَّ قَالَ: قَالَ أَنَسُ بْنُ مَالِكٍ: انتَظَرْنَا النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ذَاتَ لَيْلَةٍ حَتَّى كَانَ شَطْرُ اللَّيْلِ يَبْلُغُهُ، فَجَاءَ فَصَلَّى لَنَا ثُمَّ خَطَبَنَا، فَقَالَ:” أَلَا إِنَّ النَّاسَ قَدْ صَلَّوْا ثُمَّ رَقَدُوا، وَإِنَّكُمْ لَمْ تَزَالُوا فِي صَلَاةٍ مَا انْتَظَرْتُمُ الصَّلَاة وَإِنَّ الْقَوْمَ لَا يَزَالُونَ بِخَيْرٍ مَا انْتَظَرُوا الْخَيْرَ، قَالَ قُرَّةُ: هُوَ مِنْ حَدِيثِ أَنَسٍ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ.

امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں عبداللہ بن الصباح نے حدیث بیان کی’ انہوں نے کہا: ہمیں ابو علی الحنفی نے حدیث بیان کی’ انہوں نے کہا: ہمیں قرہ بن خالد نے حدیث بیان کی’ انہوں نے کہا: ہم الحسن (البصری) کا انتظار کررہے تھے’ انہوں نے آنے میں اتنی دیر کردی کہ ان کے مسجد سے اٹھنے کا وقت آ گیا’ تب وہ آئے اور (دیر سے آنے کا عذر بیان کیا) کہ ہمارے ان پڑوسیوں نے ہمیں بلا لیا تھا’ پھر کہا کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ ایک رات ہم نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انتظار کر رہے تھے’ حتیٰ کہ آدھی رات ہو گئی پھر نبی ﷺ آئے اور ہمیں نماز پڑھائی پھر آپ نے ہمیں خطبہ دیا، پس فرمایا: سنو! لوگوں نے نماز پڑھ لی، پھر سو گئے اور تمہارا شمار اس وقت تک نماز میں ہوتا رہا جب تک تم نماز کا انتظار کرتے رہے (الحسن البصری نے کہا:) لوگوں کا اس وقت تک خیر میں شمار ہوتا ہے جب تک وہ خیر کا انتظار کرتے رہتے ہیں، قرہ نے کہا: یہ حضرت انس کی نبی ﷺ سے روایت ہے۔

اس حدیث کی شرح، صحیح البخاری: ۵۷۲ میں گزرچکی ہے، وہاں اس کا عنوان تھا: عشاء کا وقت آدھی رات تک ہے اور یہاں اس کا عنوان ہے: عشاء کے بعد فقہ اور خیر کی باتیں کرنا اور اس حدیث میں دونوں عنوانوں کی گنجائش ہے۔

—