کتاب الصلوۃ باب 49 حدیث نمبر 429
٤٩ – بَابُ الصَّلوةِ فِي مَرَابِضِ الْغَنَم
ِ بکریوں کے باڑے میں نماز پڑھنا
اس باب کے عنوان میں اور حدیث میں “مرابض” کا لفظ ہے اس کا مادہ “ربض “ ہے اس کا معنی ہے: کسی جگہ ٹھہرنا اور” مربض “ بکریوں کے باڑے کو کہتے ہیں۔ اس باب کی باب سابق کے ساتھ یہ مناسبت ہے کہ اس باب کی حدیث میں بھی یہ ذکر تھا کہ جس جگہ نماز کا وقت آتا تھا، آپ وہیں نماز پڑھ لیتے تھے حتی کہ بکریوں کے باڑے میں بھی نماز پڑھ لیتے تھے اور اس باب میں یہ ذکر ہے کہ مسجد بنانے سے پہلے آپ بکریوں کے باڑے میں نماز پڑھ لیتے تھے۔
٤٢٩ – حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبِ قَالَ حَدَّثَنَا شُعْبَة، عَنْ أَبِي التَّيَّاحِ ، عَنْ أَنَسٍ قَالَ كَانَ النَّبِيُّ صلی اللہ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُصَلَّى فِي مَرَابِضِ الْغنمِ، ثُمَّ سَمعتہ يَقُولُ كَانَ يُصَلِّي فِي مَرَابِضِ الْغَنَمِ قَبل أن یبنی الْمَسْجِد۔
ٌ امام بخاری روایت کرتے ہیں : ہمیں سلیمان بن حرب نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: ہمیں شعبہ نے حدیث بیان کی از ابو التياح از حضرت انس رضی اللہ عنہ انہوں نے بیان کیا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم بکریوں کے باڑے میں نماز پڑھ لیتے تھے، پھر میں نے ان سے یہ سنا کہ آپ مسجد بنانے سے پہلے بکریوں کے باڑے میں نماز پڑھ لیتے تھے۔
اس حدیث کی شرح صحیح البخاری : ۲۳۳ میں گزر چکی ہے وہاں اس کا عنوان تھا: اونٹوں، جانوروں اور بکریوں کے پیشاب اور ان کے باڑے کا حکم۔