مقدمہ از شارح صحیح مسلم : کتب احادیث کے اسماء
sulemansubhani نے Thursday، 17 September 2026 کو شائع کیا.
کتب احادیث کے اسماء
مسند:
(۱) وہ کتاب جس میں ہر صحابی کی مرویات الگ الگ جمع ہوں۔
(۲) وہ حدیثِ مرفوع جس کی سند رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تک متصل ہو۔
صحیح:
جس کتاب کے مصنف نے صرف احادیثِ صحیحہ کا التزام کیا ہو جیسے صحیح بخاری و صحیح مسلم وغیرہ۔
جامع:
جس کتاب میں آٹھ عنوانوں کے تحت احادیث لائی جائیں اور وہ یہ ہیں: سیر، آداب، تفسیر، عقائد، فتن، احکام، اشراط، مناقب جیسے صحیح بخاری اور جامع ترمذی وغیرہ۔
سنن:
جس کتاب میں فقط احکام سے متعلق احادیث ہوں جیسے سنن ابی داؤد، نسائی۔
معجم:
جس کتاب میں ترتیب شیوخ سے احادیث لائی جائیں جیسے معجم طبرانی۔
مستخرج:
جس کتاب میں کسی اور کتاب کی احادیث کو ثابت کرنے کے لیے ان احادیث کو مصنف کتاب کے شیخ یا شیخِ شیخ کی دیگر اسناد سے وارد کیا جائے۔ جیسے مستخرج لابی نعیم علی البخاری۔
مستدرک:
جس کتاب میں مختلف ابواب کے تحت ان احادیث کو لایا جائے جو ان ابواب میں کسی اور مصنف سے رہ گئی ہوں جیسے حاکم کی مستدرک علی الصحیحین۔
رسالہ:
جس کتاب میں جامع کے آٹھ عنوانوں میں سے کسی ایک عنوان کے تحت احادیث ہوں جیسے امام احمد کی کتاب الزہد آداب میں اور ابن جریر طبری کی کتاب تفسیر میں۔
جزء:
جس کتاب میں صرف ایک موضوع پر احادیث ہوں جیسے امام بخاری کی جزء القرأۃ خلف الامام۔
اربعین:
جس کتاب میں چالیس احادیث ہوں جیسے اربعین نووی۔
امالی:
جس کتاب میں شیخ کے املاء کراتے ہوئے فوائدِ حدیث ہوں جیسے امالی امام محمد۔
اطراف:
جس کتاب میں حدیث کا صرف وہ حصہ ذکر کیا جائے جو بقیہ پر دلالت کرے اور پھر اس حدیث کے تمام طرق اور اسانید بیان کر دیے جائیں یا بعض کتبِ مخصوصہ کی اسانید بیان کی جائیں۔ جیسے اطراف الکتب الخمسہ لابی العباس اور اطراف المزی۔
مصنف:
جس کتاب کی ترتیب فقہی ابواب پر ہو اور اس میں آثارِ صحابہ اور اقوالِ تابعین و تبع تابعین بہ کثرت ہوں۔
ٹیگز:-
مقدمہ صحیح مسلم , Allama Ghulam Rasool Saeedi , صحیح مسلم , شرح صحیح مسلم , مقدمہ , الصحیح مسلم