کثیر الروایت صحابہ کا بیان

علامہ سیوطی لکھتے ہیں:

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے سب سے زیادہ احادیث روایت کی ہیں، ان کی تعداد ۵۳۷۴ ہے، ان کے بعد حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما ہیں ان کی احادیث کی تعداد ۲۶۳۰ ہے، پھر حضرت جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہما ہیں، ان کی احادیث کی تعداد ۲۵۴۰ ہے، پھر حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ ہیں، ان کی احادیث کی تعداد ۲۲۸۶ ہے، پھر حضرت ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا ہیں، ان کی احادیث کی تعداد ۲۲۱۰ ہے، پھر حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ ہیں، ان کی احادیث کی تعداد ۲۱۷۰ ہے ان کے علاوہ اور کسی صحابی کی احادیث کی تعداد دو ہزار سے زائد نہیں ہے۔

حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی احادیث کی تعداد ۱۴۲ ہے، اور ان کی روایات کے کم ہونے کی وجہ یہ ہے کہ احادیث کی نشر و اشاعت، لوگوں کے احادیث سننے اس کو یاد کرنے اور روایت کرنے کے علوم اور شیوع سے پہلے ان کی وفات ہو گئی۔(علامہ جلال الدین سیوطی متوفی ۹۱۱ھ : تدریب الراوی ج ۲ ص ۲۱۸- مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ، ۱۳۹۲ھ)