طبقات صحابہ کا بیان
sulemansubhani نے Tuesday، 10 November 2026 کو شائع کیا.
طبقات صحابہ کا بیان
علامہ سیوطی لکھتے ہیں:
طبقات صحابہ میں اختلاف ہے، امام ابو عبداللہ حاکم نیشاپوری نے صحابہ کے بارہ طبقات مقرر کیے ہیں:
۱۔ جو صحابہ مکہ میں اسلام لائے مثلاً خلفاءِ اربعہ ۔ ۲۔ اصحاب دار الندوہ ۔ ۳۔ مہاجرین حبشہ ۔ ۴۔ اصحابِ عقبہ اولیٰ ۔ ۵۔ اصحابِ عقبہ ثانیہ (یہ اکثر انصار ہیں) ۔ ۶۔ مہاجرینِ اولین جو مدینہ منورہ میں داخل ہونے سے پہلے قبا میں پہنچے ۔ ۷۔ اہل بدر ۔ ۸۔ بدر اور حدیبیہ کے درمیانی عرصہ میں ہجرت کرنے والے صحابہ ۔ ۹۔ اہل بیعت رضوان ۔ ۱۰۔ حدیبیہ اور فتح مکہ کے درمیانی عرصہ میں ہجرت کرنے والے صحابہ ، مثلاً حضرت خالد بن ولید اور حضرت عمرو بن العاص ۔ ۱۱۔ فتح مکہ کے بعد مسلمان ہونے والے صحابہ ۔ ۱۲۔ وہ بچے جنھوں نے فتح مکہ اور حجة الوداع کے موقع پر آپ کو دیکھا۔
علامہ نووی لکھتے ہیں ۔
صحابہ میں افضل علی الاطلاق حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ ہیں ، پھر حضرت عمر رضی اللہ عنہ ہیں ، اس پر اہل سنت کا اجماع ہے ، پھر حضرت عثمان اور حضرت علی رضی اللہ عنہما ہیں ، یہ جمہور اہل سنت کا قول ہے ، علامہ خطابی نے کہا حضرت علیٰ حضرت عثمان سے افضل ہیں ، ابوبکر بن خزیمہ کا بھی یہی قول ہے ،) امام مالک ، قاضی عیاض ، علامہ قرطبی اور امام الحرمین نے اس مسئلہ میں توقف کیا ہے ۔ تدریب) ابو منصور بغدادی نے کہا اس پر اجماع ہے کہ خلفاءِ اربعہ سب سے افضل ہیں ، پھر عشرہ مبشرہ ہیں ، پھر اہل بدر ہیں ، پھر اہل احد ہیں ، پھر اصحاب بیعتِ رضوان ہیں ، پھر انصار میں سابقین اولین ہیں یہ وہ ہیں جنھوں نے قبلتین کی طرف نماز پڑھی ، سب سے پہلے حضرت ابوبکر اسلام لائے اور سب سے آخر میں حضرت ابو الطفیل عامر بن واثلہ لیثی ۱۱۰ھ میں فوت ہوئے ، ایک قول ۱۰۲ھ کا اور ایک قول ۱۰۷ھ کا ہے ، اور ان سے پہلے حضرت انس رضی اللہ عنہ ۹۳ھ میں فوت ہوئے۔ (علامہ یحییٰ بن شرف نووی متوفی ۶۷۶ھ ، التقریب النواوی مع التدریب ج ۲ ص ۲۲۹-۲۲۲ ، ملخصاً مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ، ۱۳۹۲ھ)
ٹیگز:-
الصحیح مسلم , مقدمہ صحیح مسلم , Allama Ghulam Rasool Saeedi , صحابہ کرام , صحیح مسلم , شرح صحیح مسلم , صحابہ , مقدمہ , صحابہ کرام , صحابۂ کرام