اکابر اور افاضل تابعین کا بیان

علامہ سیوطی لکھتے ہیں:

اکابر تابعین میں اہل مدینہ میں سے سات فقہاء ہیں: (۱) سعید بن المسیب (۲) قاسم بن محمد بن ابی بکر صدیق (۳) عروہ بن زبیر (۴) خارجہ بن زید بن ثابت (۵) ابو سلمہ بن عبد الرحمن بن عوف (۶) عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود (۷) سلیمان بن يسار الضلال الایوب۔ ابن المبارک نے ابو سلمہ کی جگہ سالم بن عبداللہ بن عمر اور ابو الزناد نے ان کی جگہ ابوبکر بن عبدالرحمن کا شمار کیا ہے۔

امام ابن المدینی نے بارہ فقہاء تابعین کا ذکر کیا ہے : (۱) ابن المسیب (۲) ابو سلمہ (۳) قاسم (۴) خارجہ (۵) اس کا بھائی اسماعیل (۶) سالم (۷) حمزہ (۸) زید (۹) عبیداللہ (۱۰) بلال، مؤخر الذکر پانچوں حضرت ابن عمر کے بیٹے ہیں (۱۱) ابان بن عثمان (۱۲) قبیصہ بن ذویب ۔

امام احمد نے کہا افضل التابعین سعید بن مسیب ہیں ، ان سے کہا گیا اور علقمہ اور اسود تو انھوں نے کہا وہ بھی ہیں ، ان سے ایک روایت یہ ہے کہ ابو عثمان نہدی اور قیس بن ابی حازم سے افضل کوئی نہیں ہے اور علقمہ اور مسروق بھی بلند درجہ تابعی ہیں ۔

ابو عبداللہ بن خفیف نے کہا اہل مدینہ سعید بن مسیب کو افضل التابعین کہتے ہیں، اہل کوفہ اویس قرنی کو اور اہل بصرہ حسن بصری کو افضل التابعین کہتے ہیں ، امام احمد نے کہا عطاء مکہ کے مفتی تھے اور حسن بصری بصرہ کے مفتی تھے۔

بلقینی نے کہا تابعین میں سے سب سے پہلے ابو زید معمر بن زید کی وفات ہوئی ، یہ ۳۰ھ میں خراسان یا آذربائیجان میں قتل کردیے گئے تھے ، اور سب سے آخر میں خلف بن خلیفہ کی وفات ہوئی یہ ۱۸۰ھ میں فوت ہوئے۔ (علامہ جلال الدین سیوطی متوفی ۹۱۱ھ، تدریب الراوی ج ۲ ص ۲۴۳-۳۴۰، مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ، ۱۳۹۲ھ)