اسناد عالی اور اسناد نازل اور ان کی اقسام کا بیان

اسناد عالی و اسناد نازل:

ایک حدیث دو سندوں سے مروی ہو ایک سند میں رجال کم ہوں اور دوسری میں زیادہ ہوں تو جس سند میں کم رجال ہوں اس کو اسناد عالی اور جس سند میں زیادہ رجال ہو اس کو اسناد نازل کہتے ہیں۔

اسناد عالی کی پانچ قسمیں ہیں، ایک قسم علو مطلق ہے باقی علو نسبی ہیں:

(۱)۔ سند صحیح نظیف کے ساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا قرب، یہ علو مطلق ہے۔

(۲)۔ ائمہ حدیث میں سے کسی امام کا قرب خواہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تک رجال زیادہ ہوں مثلاً سند صحیح کے ساتھ اعمش، ابن جریج یا مالک کا قرب۔

(۳)۔ صحاح ستہ یا دیگر کتب معتمدہ کے رجال میں سے کسی راوی کے ساتھ سند صحیح سے قرب۔

(۴)۔ راوی کی وفات مقدم ہونے کی وجہ سے علو، از بیہقی، از حاکم یہ سند اس سند سے عالی ہے، از ابی بکر بن خلف از حاکم، کیونکہ بیہقی کی وفات ابوبکر بن خلف سے پہلے ہے، اس صورت میں ہر چند کہ عدد برابر ہیں کیونکہ دونوں میں دو راوی ہیں لیکن علوّ تقدم وفات کی وجہ سے ہے۔

(۵)۔ تقدم سماع کی وجہ سے علوّ مثلاً ایک شیخ سے دو راویوں نے سماع کیا ایک نے اس وقت سماع کیا جب شیخ کی عمر چالیس سال تھی اور دوسرے نے اس وقت سماع کیا جب شیخ کی عمر ساٹھ سال تھی تو خواہ سند میں رجال کے عدد برابر ہوں لیکن جس نے شیخ سے پہلے سماع کیا ہے اس کی سند عالی ہے اور یہ علوّ اس وقت اور بھی مؤکد ہوجاتا ہے جب آخر عمر میں شیخ کا حافظہ کمزور یا مختل ہوگیا ہو۔

دوسری قسم ائمہ حدیث میں سے کسی کا قرب ہوتا ہے اس کی چار قسمیں ہیں موافقت، بدل، مساوات، مصافحہ۔

موافقت: موافقت کا مطلب یہ ہے کہ حدیث کی کسی کتاب کے مؤلف کے شیخ تک کسی دوسری سند سے پہنچ جائیں جس میں اس سے کم رجال ہوں مثلاً امام بخاری ایک حدیث از قتیبہ از مالک روایت کرتے ہیں، اب کوئی دوسرا شیخ کسی اور سند سے یہی روایت قتیبہ سے روایت کرے اور اس سند میں امام بخاری کی بنسبت کم رجال ہوں۔

بدل: اگر کوئی شخص مؤلف کتاب کے شیخ الشیخ تک کسی اور سند سے پہنچ جائے اور اس کی سند میں رجال کم ہوں تو اس کو بدل کہتے ہیں مثلاً مذکور الصدر سند میں کوئی شخص قعنبی از مالک روایت کرے تو اس صورت میں قعنبی قتیبہ کا بدل ہوگا۔

مساوات: مؤلف کتاب نے ایک حدیث کو ایک خاص سند سے روایت کیا ہو، اور ایک دوسرا شخص کسی اور سند سے اس حدیث کو روایت کرے اور دونوں میں راویوں کی تعداد برابر ہو مثلاً امام نسائی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک حدیث روایت کریں اور ان کی سند میں گیارہ رجال ہوں، اور ایک دوسرا شخص اسی حدیث کو ایک اور سند سے روایت کرے اور اس کی سند میں بھی گیارہ رجال ہوں تو اس کی سند امام نسائی کے مساوی ہوگی۔

مصافحہ: مصنف کتاب کے تلمیذ کے ساتھ مساوات کو مصافحہ کہتے ہیں:

اسنادِ نازل کی بھی پانچ اقسام ہیں اور چونکہ اسنادِ نازل، اسنادِ عالی کی مقابل اور ضد ہے اس لیے عالی کی تعریف اور مثال سے نازل کی تعریف اور مثال بھی معلوم ہو گئی۔ (حافظ زین الدین عبد الرحیم بن حسین عراقی متوفی ۸۰۶ھ، تذکرہ وتبصرہ شرح التبصرۃ ج ۲ ص ۲۶۵ – ۲۵۱، ملخصاً مطبوعہ دار الباز للنشر والتوزیع مکہ مکرمہ)