زیادات ثقات کا بیان

علامہ نووی لکھتے ہیں:

ثقہ راویوں کا حدیث میں کسی لفظ کو زیادہ روایت کرنا، یہ بھی ایک لطیف فن ہے، جمہور فقہاء اور محدثین کا مذہب یہ ہے کہ ثقہ راویوں کی زیادتی کو مطلقاً قبول کیا جاتا ہے، دوسرا قول یہ ہے کہ زیاداتِ ثقات مطلقاً نامقبول ہیں، تیسرا قول یہ ہے کہ جس نے اس حدیث کو ناقص روایت کیا ہے اگر اس کے غیر نے اس کو زیادہ روایت کیا ہے تو مقبول ہے اور اگر ناقص روایت کرنے والے نے ہی دوبارہ زیادہ الفاظ روایت کیے ہوں تو پھر وہ مقبول نہیں ہے، اور شیخ ابن الصلاح نے زیادتی کی کئی قسمیں بیان کی ہیں:

۱- وہ زیادتی جس میں ثقہ راویوں کی مخالفت ہو وہ مردود ہے۔

۲۔ جس زیادتی میں کسی ثقہ راوی کی مخالفت نہ ہو مثلاً کوئی ثقہ راوی حدیث کے کسی جملہ کے ساتھ متفرد ہو تو وہ مقبول ہے، خطیب نے کہا اس پر تمام علماء کا اتفاق ہے۔

۳۔ حدیث میں کسی ایسے لفظ کی زیادتی جس کو باقی تمام راوی ذکر نہ کرتے ہوں، جیسے حدیث میں ہے : جعلت لی الارض مسجدا و طهورا۔ “تمام زمین میرے لیے مسجد اور تیمم (کا آلہ) بنا دی گئی ہے”، ابو مالک اشجعی اس حدیث میں اس لفظ کی زیادتی کے ساتھ متفرد ہے : و تربتها طهورا “اور اس کی مٹی پاک کرنے والی ہے” شیخ ابن الصلاح نے کہا ہے کہ یہ قسم پہلی قسم کے مشابہ ہے یعنی ثقہ راویوں کی مخالفت کی وجہ سے مردود ہے، اور دوسری قسم کے مشابہ ہے کیونکہ یہ زیادتی ثقہ راویوں کی روایت کے منافی نہیں ہے، اس لیے مقبول ہے، اور صحیح قول دوسرا قول ہے، یعنی یہ زیادتی مقبول ہے۔ )علامہ یحییٰ بن شرف نووی متوفی ۶۷۶ھ تقریب النواوی مع التدریب ج ۱ ص ۲۴۷، ۲۴۸، مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ۱۳۹۲ھ(

علامہ سیوطی لکھتے ہیں:

زیادات الثقات کی حسب ذیل مثالیں ہیں:

۱۔ امام بخاری اور امام مسلم نے روایت کیا ہے:

عن ابن مسعود قال: سألت رسول الله صلى الله عليه وسلم أي العمل افضل ؟ قال الصلوة لوقتها۔

حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا کہ کون سا عمل افضل ہے ؟ آپ نے فرمایا نماز کو اپنے وقت میں پڑھنا۔

حسن بن مکرم اور بندار نے اپنی روایتوں میں یہ زیادتی کی فى اول وقتها “یعنی نماز کو اس کے اول وقت میں پڑھنا” حاکم اور ابن حبان نے اس زیادتی کو صحیح قرار دیا۔

۲۔ امام بخاری اور امام مسلم روایت کرتے ہیں:

عن انس : امر بلال ان يشفع الاذان ويوتر الاقامة ۔

حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت بلال کو حکم دیا گیا کہ اذان کے کلمات دو دو بار اور اقامت کے کلمات ایک ایک بار پڑھیں۔

سماک بن حرب نے اس میں یہ زیادتی کی الا الاقامة “حاکم اور ابن حبان نے کہا یہ زیادتی صحیح ہے۔

۳۔ عن علي ان السُّهَة و كاء العين۔

سرین کا حلقہ آنکھ کا سر بند ہے ( یہ مقعوب المعنى ہے۔ یعنی آنکھ سرین کا سر بند ہے، کیونکہ جب تک آدمی جاگتا رہتا ہے سرین کو بھینچ کر رکھتا ہے اور ہوا خارج ہونے نہیں دیتا اور جب آدمی سو جاتا ہے تو سرین کا حلقہ کھل جاتا ہے اور ہوا خارج ہوجاتی ہے)

ابراہیم بن موسیٰ نے اس میں یہ بھی زیادہ کی ہے فمن نام فلیتوضأ ۔ “پس جو آدمی سوجائے وہ وضو کرے۔(علامہ جلال الدین سیوطی متوفی ۹۱۱ھ تدریب الراوی ج ۱ ص ۲۴۸ – ۲۴۷، مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ۱۳۹۲ھ  )