مقدمہ از شارح جامع ترمذی : امام اعظم کے دلائل احادیث ضعیفہ پر مبنی نہیں
sulemansubhani نے Saturday، 3 October 2026 کو شائع کیا.
امام اعظم کے دلائل احادیث ضعیفہ پر مبنی نہیں:
امام عبدالوہاب شعرانی فرماتے ہیں:
اگر یہ کہا جائے کہ تم کہتے ہو کہ امام ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے مذہب کے دلائل میں کوئی حدیث ضعیف نہیں کیونکہ امام اعظم اور نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے درمیان جو راوی ہیں وہ صحابہ اور تابعین ہیں اور وہ جرح سے محفوظ ہیں تو پھر کیا وجہ ہے کہ بعض محدثین نے امام اعظم کے بعض دلائل کو ضعیف احادیث پر مبنی قرار دیا ہے؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ جن بعض راویوں کو ضعیف کہا گیا ہے وہ امام اعظم کی وفات کے بعد ان کی سند کے نیچے کے راوی ہیں یا انہوں نے اس حدیث پاک کو امام اعظم کی سند کے علاوہ کسی اور سند سے روایت کیا ہے ، امام اعظم کی مسانید ثلاثہ میں جس قدر احادیث ہیں وہ سب صحیح ہیں کیونکہ اگر وہ احادیث صحیح نہ ہوتیں تو امام اعظم اس سے کبھی استدلال نہ کرتے اور امام اعظم کی سند کے نچلے راویوں میں سے کوئی راوی کذاب یا متہم بالکذب ہو تو اس میں کوئی حرج نہیں اور ہمارے نزدیک اس حدیث کی صحت کے لیے یہ بات کافی ہے کہ اس حدیث سے امام مجتہد نے استدلال کیا ہے۔
(میزان الشریعة الکبری، ج1،ص65،مطبعہ ازھریہ،مصر)