حدیث مسند کی تعریف

مسند، اسند کا اسم مفعول ہے جس کا معنی ہے اضافت کرنا اور نسبت کرنا۔

اور اس کی اصطلاحی تعریف یہ ہے:

ما اتصل سنده مرفوعا الى النبی صلى الله عليه وسلم.

جس حدیث مرفوع کی نبی صلی اللہ علیہ وسلم تک سند متصل ہو ۔

حافظ ابن حجر عسقلانی لکھتے ہیں:

هو مرفوع صحابي بسند ظاهره الاتصال ۔

یہ صحابی کی روایت کردہ حدیث ہے جس کی سند بظاہر متصل ہو ۔

صحابی کی قید سے تابعی کی روایت نکل گئی کیونکہ وہ مرسل ہے اسی طرح تبع تابعی یا اس سے نیچے درجہ کی روایت نکل گئی کیونکہ وہ معضل یا معلق ہے ، اور بہ ظاہر اتصال کی قید سے وہ حدیث نکل گئی جو بہ ظاہر منقطع ہے ، اور جو حدیث حقیقۃً متصل ہو وہ اس میں بطریق اولیٰ داخل ہوگی ، اور بہ ظاہر کی قید کا یہ فائدہ ہے کہ انقطاعِ خفی ، مثلاً مدلس کی معنعن حدیث یا جن معاصر کی مروی عنہ سے ملاقات ثابت نہیں وہ بھی مسند کی تعریف میں داخل ہوگئی کیونکہ ائمہ کا اس کے مسند ہونے پر اتفاق ہے۔ (حافظ ابوالفضل احمد بن علی بن حجر عسقلانی متوفی ۸۵۲ھ، شرح نخبة الفکر ص ۸۷-۸۸ ، مطبوعہ رحیم اکیڈمی کراچی  )

اس کی مثال یہ حدیث ہے ، امام بخاری روایت کرتے ہیں:

حدثنا محمد بن المثنى قال ثنا عبد الوهاب ثقفي قال ثنا ايوب عن ابي قلابة عن انس قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم لا يؤمن احدكم حتى اكون احب اليه من والده وولده والناس اجمعين۔(امام محمد بن اسماعیل بخاری متوفی ۲۵۶ھ، صحیح بخاری ج ۱ ص ۷، مطبوعہ نور محمد اصح المطابع کراچی ، ۱۳۷۵ھ  )

محمد بن المثنیٰ، عبدالوہاب ثقفی، ایوب، از ابی قلابہ، از حضرت انس رضی اللہ عنہ روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک مومن نہیں ہوگا، جب تک اس کے نزدیک میں اس کے والد، اس کی اولاد اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہوجاؤں۔