روایت بالمعنیٰ کی تحقیق

حافظ عراقی لکھتے ہیں؛

جو شخص الفاظ کے مدلول، معانی اور مقاصد کو نہ جانتا ہو، اس کے لیے بالاتفاق روایت بالمعنیٰ کرنا جائز نہیں ہے اور اس پر واجب ہے کہ وہ اپنے شیخ کے الفاظ کو نقل کرے اور اکثر محدثین، فقہاء اور اصولیین نے یہ کہا ہے کہ اگر وہ الفاظ کے معانی اور مقاصد کا عالم ہے تو اس کے لیے روایت بالمعنیٰ کرنا جائز ہے اور بعض نے یہ کہا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث میں روایت بالمعنیٰ کرنا جائز نہیں ہے اور دیگر خبروں میں جائز ہے اور پہلا قول ہی صحیح ہے، کیونکہ متعدد صحابہ سے اس کے جواز کی تصریح منقول ہے اور اس کی دلیل یہ ہے کہ صحابہ کرام نے قصہ واحدہ کو متعدد الفاظ کے ساتھ روایت کیا ہے اور حافظ ابن مندہ نے حضرت عبد اللہ بن سلیمان بن اکیمہ لیثی سے روایت کیا ہے انہوں نے کہا یارسول اللہ! میں آپ سے حدیث سنتا ہوں اور میں اس کی استطاعت نہیں رکھتا کہ میں اس حدیث کو بعینہ اس طرح ادا کروں جس طرح آپ سے سنا اس میں کوئی حرف زیادہ ہوگا یا کم ہوگا، آپ نے فرمایا جب تم کسی حرام کو حلال نہ کرو، اور کسی حلال کو حرام نہ کرو اور صحیح معنی برقرار رکھو تو کوئی حرج نہیں ہے۔

حافظ ابن الصلاح نے کہا ہماری رائے میں یا الفاظ کتب احادیث سے حدیث کو نقل کرنے میں جاری نہیں ہے اور نہ ہمارے علم کے مطابق کسی نے اس کو کتب حدیث میں جاری کیا ہے، اس لیے کسی شخص کے لیے یہ جائز نہیں ہے کہ وہ کسی مصنف کی کتاب سے کسی حدیث کو نقل کرے اور اس میں الفاظ کو تبدیل کردے، کیونکہ جنہوں  نے روایت بالمعنی کی رخصت دی ہے اس کی وجہ یہ تھی کہ الفاظ کو ضبط کرنے اور اس پر جمود برقرار رکھنے میں مشقت تھی اور کتابوں کے اوراق سے احادیث کے نقل کرنے میں مشقت نہیں ہے نیز ہر چند کہ اس کو الفاظ تبدیل کرنے کا اختیار ہے لیکن کسی کی تصنیف کو تبدیل کرنے کا اختیار نہیں ہے۔(حافظ زین الدین عبد الرحیم بن حسین عراقی متوفی ۸۰۶ھ التبصرۃ والتذکرۃ شرح الفیۃ ج ۲ ص ۱۶۹ – ۱۶۸ ، مطبوعہ دار البازللنشروالتوزیع مکہ مکرمہ)

حافظ ابن حجر عسقلانی لکھتے ہیں:

روایت بالمعنی میں اختلاف مشہور ہے اور اکثر کے نزدیک جائز ہے اور ان کی قومی ترین دلیل یہ ہے کہ اس پر اجماع ہے کہ عجمیوں میں سے جو شخص عربی زبان کا عالم ہو اس کے لیے شریعت کا اپنی زبان میں ترجمہ کرنا جائز ہے اور جب ایک عربی لفظ کو دوسری لغت کے لفظ کے ساتھ تبدیل کرنا جائز ہے تو عربی لفظ کے ساتھ تبدیل کرنا بطریقِ اولیٰ جائز ہوگا، ایک قول یہ ہے کہ یہ مفردات میں جائز ہے (مثلاً لیث کی جگہ اسد کہنا) اور مرکبات میں جائز نہیں ہے، ایک قول یہ ہے کہ جس شخص کو لفظ مستحضر ہو اور وہ اس میں تصرف پر قادر ہو اس کے لیے جائز ہے اور ایک قول یہ ہے کہ یہ اس کے لیے جائز ہے جس کو حدیث حفظ ہو اور وہ اس کے الفاظ بھول گیا ہو اور اس کا معنی اس کے ذہن میں مرتسم ہو اس کے لیے روایت بالمعنی جائز ہے تاکہ وہ حکم حاصل ہوسکے، اور تمام بحث جواز اور عدمِ جواز میں ہے ورنہ اس میں کوئی شک نہیں کہ حدیث کو اس کے اصل الفاظ کے ساتھ بیان کرنا اولیٰ ہے قاضی عیاض نے کہا کہ روایت بالمعنی کا دروازہ بند کرنا چاہیے تاکہ وہ شخص روایت بالمعنی کی جرأت نہ کرے جس کو الفاظ عربیہ اور ان کے متبادل الفاظ بدلنے کا ملکہ نہیں ہے۔(حافظ ابو الفضل احمد بن علی بن حجر عسقلانی متوفی ۸۵۲ھ، شرح نخبة الفکر ص ۶۹ – ۶۸، مطبوعہ رحیم اکیڈمی کراچی)

علامہ سخاوی لکھتے ہیں:

حضرت حذیفہ نے کہا ہم عرب لوگ حدیث بیان کرنے میں تقديم اور تاخیر کردیتے ہیں (مدخل للبیہقی وتاریخ ابن عساکر) ابن سیرین نے کہا میں دس صحابہ سے حدیث سنتا تھا ان کا معنیٰ ایک ہوتا تھا اور الفاظ مختلف ہوتے تھے ۔ (کفایہ ص ۲۰۶ والمحدث الفاصل ص ۵۴۳)۔ حسن، شعبی اور نخعی روایت بالمعنی کرتے تھے ، حافظ ابن الصلاح نے کہا صحابہ اور متقدمین کے احوال اس کی شہادت ہیں کہ ان میں سے کتنے لوگ ایک معاملہ میں ایک معنیٰ کو مختلف الفاظ سے نقل کرتے ہیں اور اس کی وجہ یہی ہے کہ ان کا اعتماد فقط معنیٰ پر ہوتا تھا الفاظ پر نہیں ہوتا تھا(علامہ ابو عبداللہ محمد بن عبد الرحمن سخاوی متوفی ۹۰۲ھ، فتح المغیث بشرح الفیة الحدیث ج ۳ ص ۱۳۹ – ۱۳۸، مطبوعہ دارالامام الطبری ۱۴۱۲ھ) (علوم الحدیث: ۹۱)۔

نیز علامہ سخاوی لکھتے ہیں:

حماد بن سلمہ نے روایت بالمعنی پر اس سے استدلال کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام اور ان کے دشمن فرعون کے ایک واقعہ کی مختلف الفاظ سے خبر دی ہے جس کا معنیٰ واحد ہے، مثلاً شھاب قبس فرمایا، قبس فرمایا یا جذوۃ من النار فرمایا، اسی طرح قرآن مجید میں باقی انبیاء علیہم السلام کے قصص ہیں ان انبیاء علیہم السلام نے اپنی قوموں کو مختلف زبانوں میں خطاب کیا اور قرآن مجید نے ان کے خطابات کو بالمعنیٰ نقل کیا، اسی طرح احادیث میں انبیاء سابقین اور ان کی قوموں کے خطابات اور اقوال کو بالمعنیٰ نقل کیا گیا، اسی طرح قرآن اور حدیث میں تورات کے اقتباسات کو بالمعنیٰ نقل کیا گیا ہے۔ (علامہ ابو عبداللہ محمد بن عبد الرحمن سخاوی متوفی ۹۰۲ھ، فتح المغیث بشرح الفیة الحدیث ج ۳ ص ۱۴۴، مطبوعہ دارالامام الطبری ۱۴۱۲ھ)