اختصار حدیث کے جواز میں مذاہب علماء

حافظ ابن الصلاح لکھتے ہیں:

آیا حدیثِ واحد کا اختصار کرنا اور اس کے بعض حصہ کو روایت کرنا اور بعض کو روایت نہ کرنا جائز ہے یا نہیں؟ اس میں اہل علم کا اختلاف ہے۔ بعض علماء نے اس کو مطلقاً ناجائز کہا، ان کا یہ قول روایت بالمعنی کے عدمِ جواز پر مبنی ہے، بعض علماء روایت بالمعنی کو جائز کہتے ہیں انھوں نے ایک خاص صورت میں اختصارِ حدیث سے منع کیا ہے، جب راوی نے دوسری مرتبہ بھی مکمل حدیث بیان نہ کی ہو اور اس کو یہ علم نہ ہو کہ کسی اور نے مکمل حدیث کو بیان کردیا ہے، پھر اس کا اختصار کرنا جائز نہیں ہے، بعض علماء نے اختصارِ حدیث کو مطلقاً جائز کہا ہے اور اس کی کوئی تفصیل نہیں کی، ہم نے مجاہد سے روایت کیا ہے کہ حدیث کا جو حصہ چاہو کم بیان کرو اور البتہ اس میں زیادتی نہ کرو۔

صحیح یہ ہے کہ اس میں تفصیل ہے اور وہ یہ ہے کہ عالم اور عارف کے لیے اختصارِ حدیث کرنا جائز ہے بشرطیکہ اس نے حدیث کا جو حصہ ترک کیا ہے وہ اس کے ذکر کیے ہوئے حصہ سے متمیز اور غیر متعلق ہو، اس حیثیت سے کہ اس ترک کیے ہوئے حصہ کی وجہ سے اس کے بیان میں خلل نہ ہو جس کو اس نے ذکر کیا ہے اور نہ اس کی دلالت مختلف ہو، اس صورت میں اختصار جائز ہونا چاہیے کیونکہ اس حالت میں ———— اس کا ذکر کیا ہوا حصہ اور ترک کیا ہوا حصہ دو الگ الگ اور مستقل حدیثیں ہیں اور ایک حصہ کا دوسرے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، اور وہ شخص بلند مرتبہ والا ہونا چاہیے، جس پر تہمت کی کوئی سبیل نہ ہو اور جو شخص اس پائے کا نہ ہو اور جب اس نے ایک مرتبہ پوری حدیث روایت کی اور جب وہ دوسری بار اس کا بعض حصہ روایت کرے تو اس کو یہ خوف ہو کہ اس پر یہ تہمت لگائی جائے گی کہ اس نے پہلی بار حدیث میں اس حصہ کا اضافہ کیا تھا جس کو اس نے اپنے شیخ سے نہیں سنا تھا یا اس پر یہ تہمت لگے گی کہ دوسری بار وہ ایک حصہ کو روایت کرنا بھول گیا اور اس میں ضبط کی خلت ہے اور وہ بہت غلطی کرتا ہے تو ایسے شخص پر واجب ہے کہ وہ اپنے نفس سے اس تہمت کو دور کرے اور امام ابو الفتح رازی نے کہا ہے کہ جس شخص نے پہلے ایک حدیث کے ایک حصہ کو روایت کیا اور بعد میں یہ ارادہ کیا کہ وہ اس کو مکمل روایت کرے اور اس کو یہ خوف ہوا کہ اگر اس نے مکمل حدیث روایت کی تو اس پر حدیث میں زیادتی کرنے کی تہمت لگے تو اس کے لیے جائز ہے کہ وہ زیادتی کو ترک کرے، میں کہتا ہوں کہ ایسے شخص کو ابتداءً مکمل حدیث بیان کرنی چاہیے۔(حافظ ابو عمرو عثمان بن عبد الرحمن شہر زوری المعروف بابن الصلاح متوفی ۶۴۳ھ، علوم الحدیث ص ۱۹۳-۱۹۲ ، مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ۱۳۸۶ھ)

علامہ سخاوی لکھتے ہیں:

جمہور کا مذہب یہ ہے کہ جو علماء روایت بالمعنی کو جائز کہتے ہیں ان کو اختصارِ حدیث سے اختلاف نہیں کرنا چاہیے کیونکہ جس نے حدیث کے بعض حصہ کو نقل کیا اور بعض کو حذف کر دیا اور ان کا ایک دوسرے سے رابطہ نہ ہو تو وہ دو منفصل خبروں کے قائم مقام ہیں کسی ایک کا دوسرے سے تعلق نہیں ہے۔ (علامہ ابو عبدالله محمد بن عبدالرحمن سخاوی متوفی ۹۰۲ھ ، فتح المغیث بشرح الفیة الحدیث ج ۳ ص ۱۵۳ ، مطبوعہ دار الامام الطبری ۱۴۱۲ھ)

علامہ سخاوی اختصارِ حدیث پر استدلال کرتے ہوئے لکھتے ہیں؛

امام ابوداؤد نے (باب رفع الصوت بالقرأة في صلاة الليل میں) روایت کیا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت بلال رضی اللہ عنہ سے فرمایا: اے بلال! میں نے سنا کہ تم کچھ حصہ اس سورت سے پڑھتے تھے اور کچھ حصہ اس سورت کا پڑھتے تھے تو حضرت بلال نے کہا یہ کام طیب ہے اللہ تعالیٰ بعض کو بعض کے ساتھ جمع کردیتا ہے۔ تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت بلال کی تصویب کی۔ نیز نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا اللہ تعالیٰ اس شخص کو تر و تازہ اور خوش و خرم رکھے جس نے میرے کلام کو سنا اور اس میں زیادتی نہیں کی۔ اگر آپ کے کلام میں کمی کرنا بھی ناجائز ہوتا تو آپ اس کا بھی ذکر فرمادیتے اور جو شخص حدیث کا جتنا حصہ بھی روایت کررہا ہے وہ اس میں صادق ہے تو ممانعت کی کوئی وجہ نہیں ہے۔(علامہ ابو عبداللہ محمد بن عبد الرحمن سخاوی متوفی ۹۰۲ھ، فتح المغیث بشرح الفیة الحدیث ج ۳ ص ۱۵۶، مطبوعہ دارالامام الطبری، ۱۴۱۲ھ)